نئی دہلی25 اکتوبر (آئی این ایس انڈیا /ایس او نیوز) سی بی آئی میں اندرونی اختلاف کے درمیان بڑے سطح پر پھیر بدل پر سیاست گرم ہو گئی ہے۔ اب اس پورے تنازعہ میں آل انڈیا مجلس اتحاد مسلمین کے صدر اسد الدین اویسی بھی شامل ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگایا ہے۔ اویسی نے کہا کہ سی بی آئی کے ڈائریکٹر آلوک ورما کو کس لئے ہٹایا گیا ہے، یہ مودی بتائیں۔ ورما نے تو ایف آئی آر کیا تھا، مودی نے کہا تھا کہ نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا، تو پھر انہیں ہٹا کر مودی کسے بچا رہے ہیں؟ اویسی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سپریم کورٹ سی بی آئی کے ڈائریکٹر کو رہا کر دے گی کیونکہ یہ دہلی اسپیشل پولیس ایکٹ کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی ہے۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ سی وی سی نے کس سیکشن کے تحت انہیں ہٹا یاہے ۔مودی بدعنوان لوگوں کو کیوں بچا رہے ہیں،اس کے پیچھے حکومت کا مقصد کیا ہے ۔